کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امام ابوحنیفہؒ کے نام سے منسوب پانچویں قومی و بین الاقوامی تجارتی نمائش کا افتتاح کردیا گیا، جس میں افغان حکام، کاروباری شخصیات اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں نائب اقتصادی وزیراعظم ، وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ کابل میں تعینات غیر ملکی سفارتی نمائندے بھی شریک ہوئے۔
نمائش میں افغانستان کے مختلف صنعتی، زرعی، تجارتی اور پیداواری شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات متعارف کرائی ہیں۔ منتظمین کے مطابق نمائش کے لیے تقریباً 700 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اس بار ملکی اداروں کے ساتھ 100 سے زائد غیر ملکی کمپنیاں بھی شریک ہیں، جن کی موجودگی سے افغانستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ علاقائی اقتصادی تعاون کو بھی اجاگر کیا جارہا ہے۔
تقریب میں افغانستان انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر کے سربراہ محمد صابر لطیفی اور افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے سربراہ سید کریم ہاشمی سمیت نمایاں تجارتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
نمائش 13 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران شہریوں، تاجروں، سرمایہ کاروں اور غیر ملکی وفود کو افغان اور عالمی کمپنیوں کی مختلف مصنوعات اور کاروباری مواقع دیکھنے کا موقع ملے گا۔
