کراچی (پاک ٹوڈے): سندھ میں رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران قتل کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جنوری سے اکتوبر تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1473 افراد قتل کیے گئے، جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 80 شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سندھ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق قتل کے سب سے زیادہ 397 واقعات کراچی رینج میں رپورٹ ہوئے، جو صوبے میں ہونے والے مجموعی قتل کا تقریباً 27 فیصد ہیں۔ لاڑکانہ رینج 360 قتل کے واقعات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
ضلعی سطح پر خیرپور 104 افراد کے قتل کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ شکارپور میں 97 افراد قتل کیے گئے۔ اس کے برعکس ٹنڈو محمد خان میں سب سے کم 12 قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
کراچی کے مختلف اضلاع میں 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 397 افراد قتل ہوئے۔ ان میں ضلع ملیر 78 واقعات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ ضلع ایسٹ میں 73، ویسٹ میں 70، کیماڑی میں 59، سینٹرل میں 49 اور کورنگی میں 34 افراد قتل ہوئے۔ اسی عرصے میں ضلع ساؤتھ میں 18 اور ضلع سٹی میں 16 افراد قتل کیے گئے۔
لاڑکانہ رینج میں مجموعی طور پر 360 افراد قتل ہوئے، جن میں شکارپور کے 97، کشمور کے 76، لاڑکانہ کے 72، قمبر شہداد کوٹ کے 64 اور جیکب آباد کے 51 واقعات شامل ہیں۔
حیدرآباد رینج میں 268 افراد قتل ہوئے۔ ان میں دادو 75 واقعات کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ حیدرآباد میں 46، جامشورو میں 37، بدین میں 30، ٹھٹہ میں 22، مٹیاری اور ٹنڈو الہ یار میں 16، 16، سجاول میں 14 اور ٹنڈو محمد خان میں 12 افراد قتل ہوئے۔
سکھر رینج میں 226 افراد قتل کیے گئے، جن میں خیرپور کے 104، سکھر کے 62 اور گھوٹکی کے 60 واقعات شامل ہیں۔
شہید بے نظیر آباد رینج میں 158 افراد قتل ہوئے، جن میں سانگھڑ کے 58، شہید بے نظیر آباد کے 54 اور نوشہرو فیروز کے 46 واقعات رپورٹ ہوئے۔
میرپورخاص رینج میں مجموعی طور پر 64 افراد قتل ہوئے۔ ضلع میرپورخاص میں 32، عمرکوٹ میں 17 اور تھرپارکر میں 15 افراد قتل کیے گئے۔
ڈکیتی مزاحمت پر 80 شہری قتل
پولیس ریکارڈ کے مطابق جنوری سے اکتوبر تک سندھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 80 شہری قتل ہوئے، جن میں سے 51 واقعات کراچی رینج میں پیش آئے، جو صوبے بھر میں ایسے واقعات کا تقریباً 64 فیصد بنتے ہیں۔
اسی طرح لاڑکانہ رینج میں ڈکیتی مزاحمت پر 10، سکھر اور شہید بے نظیر آباد رینج میں 9، 9 جبکہ حیدرآباد رینج میں ایک شہری قتل ہوا۔
