کرک (پاک ٹوڈے): ضلع کرک کے علاقے نیو کڑپہ میں رات گئے مسلح افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کے گنر فرہاد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق تھانہ بانڈہ داؤد شاہ کی پولیس پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ کوہاٹ اور کرک کی باؤنڈری کے قریب نیو کڑپہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او داؤد خان اور ان کے گنر فرہاد موقع پر ہی چل بسے، جبکہ ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک عمران خان پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
