اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 9 افغان شہری جان سے گئے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق افغان مہاجرین کو لے جانے والی پیجو گاڑی زاہدان۔ بم شاہراہ پر کہورک کے مقام پر تیل بردار ٹرالر سے ٹکرا گئی۔
ایرانی حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ گاڑی میں سوار 8 افراد موقع پر جان سے گئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
تاہم سیستان و بلوچستان کے واقعات کی کوریج کرنے والے مقامی میڈیا ادارے حال وش نے ہلاکتوں کی تعداد 10 بتائی ہے۔ حادثے کی وجوہات اور ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے بارے میں حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
سیستان و بلوچستان ایران کا افغانستان سے متصل سرحدی صوبہ ہے، جہاں سے متعدد افغان شہری روزگار یا دیگر مقاصد کے لیے ایران میں داخل ہوتے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی اسی صوبے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 افغان مہاجرین جان سے گئے تھے۔
