واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی کارکردگی کی منظوری کی شرح نئی سروے رپورٹ کے مطابق کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزمرہ اخراجات ووٹرز کی بڑی تشویش بن گئے ہیں۔
امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے چند روز قبل سی این بی سی نے اپنا تازہ آل امریکا اکنامک سروے جاری کیا ہے، جس کے مطابق 65 فیصد امریکی شہری صدر ٹرمپ کی معاشی کارکردگی سے ناخوش ہیں، جبکہ 80 فیصد شہریوں نے ملکی معیشت کی صورتحال کو اوسط یا خراب قرار دیا ہے۔
سروے کے مطابق کانگریس پر کنٹرول کے حوالے سے ڈیموکریٹس کو 52 فیصد حمایت حاصل ہے، جبکہ صدر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکنز کے حق میں 45 فیصد شہریوں نے رائے دی۔
رپورٹ میں بدعنوانی کے علاوہ خوراک، پیٹرول اور رہائش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو امریکی ووٹرز کے لیے اہم تشویش قرار دیا گیا ہے۔ سروے کے نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وسط مدتی انتخابات سے قبل معاشی صورتحال اور مہنگائی انتخابی بحث کے اہم موضوعات بنے ہوئے ہیں۔
