لاہور (پاک ٹوڈے): پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں مون سون کے چھٹے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمے کے مطابق آج رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ جبکہ مری اور گلیات کے پہاڑی سلسلہ جات میں تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ، واسا اور ایمرجنسی خدمات کو تمام تر انتظامات مکمل رکھنے اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینری الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
