اسلام آباد (پاک ٹو ڈے): انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، احتجاج اور توڑ پھوڑ کے درج مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ نمبر 714 کی سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نامزد رہنماؤں کے وارنٹ جاری کیے۔ جن ارکانِ اسمبلی کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں عامر ڈوگر، عاطف خان، شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، اقبال آفریدی، مینا خان، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان شامل ہیں۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
دوسری جانب، شاہراہِ دستور پر احتجاج کے دوران درج مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کے 4 کارکنان کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کے سامنے پیش کیا گیا۔
تفتیشی حکام نے ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے چاروں کارکنان کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ یہ تمام گرفتاریان تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کے تحت کی گئی ہیں۔