پشاور (پاک ٹوڈے): دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے 10 جدید ایمبولینسز اور 8 بکتر بند گاڑیاں (اے پی سیز) پولیس کے مختلف ریجنز کے ضلعی افسران کے حوالے کر دی گئیں۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں تمام ایڈیشنل انسپکٹر جنرلز اور ڈپٹی انسپکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے فراہم کی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ان کی چابیاں متعلقہ اعلیٰ افسران کے حوالے کیں۔
پولیس حکام کے مطابق فراہم کردہ 8 بکتر بند گاڑیوں میں 6 ضرب حیدر جبکہ 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز شامل ہیں۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ جدید بکتر بند گاڑیاں ہنگامی حالات اور آپریشنز کے دوران پولیس اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے میں مدد دیں گی۔ ان کے مطابق پولیس فورس کو جدید طبی آلات سے لیس ایمبولینسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ فیلڈ میں زخمی اہلکاروں کو بروقت طبی امداد دینے اور ہسپتال منتقل کرنے کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
خیبرپختونخوا پولیس کو جدید گاڑیوں اور طبی سہولیات سے لیس کرنے کا اقدام دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں فورس کی صلاحیت اور اہلکاروں کے تحفظ کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔