پی آئی اے نے برطانیہ سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ کردیں، آج سے بوئنگ 777 طیارے چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ناروے کی فضائی کمپنی نورز اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے اچانک فضائی آپریشن معطل کیے جانے کے بعد برطانیہ سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ کردیں، جبکہ آج 26 نومبر سے برطانیہ کے لیے تمام پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق بدھ کی شب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کی گئیں۔ نورز اٹلانٹک ایئرویز نے اس وقت آپریشن معطل کرنے کی اطلاع دی جب مسافر پروازوں میں سوار ہونے کی تیاری کررہے تھے، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے پیش آنے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹیمیں مسافروں سے رابطے میں ہیں تاکہ انہیں متبادل پروازوں میں جگہ فراہم کی جاسکے۔

پی آئی اے کے مطابق مستقبل میں کسی دوسری فضائی کمپنی کی جانب سے آپریشن میں رکاوٹ پیدا ہونے سے بچنے کے لیے برطانیہ کے تمام فضائی آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معمول کا فلائٹ شیڈول برقرار رکھنے کے لیے متبادل انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے اکتوبر میں نورز اٹلانٹک ایئرویز سے دو بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت طیاروں کے ساتھ فضائی عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کی جانی تھیں۔ ان میں سے پہلا طیارہ یکم نومبر کو اسلام آباد پہنچا تھا۔

دوسری جانب نورز اٹلانٹک ایئرویز نے اپنی مالی صورت حال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اسے فوری طور پر اضافی مالی وسائل درکار ہیں۔ کمپنی قلیل مدت کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، تاہم اس حوالے سے کامیابی کی ضمانت نہیں دی گئی۔

پی آئی اے نے متاثرہ مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی بکنگ میں تبدیلی اور پروازوں کے نئے شیڈول سے متعلق معلومات کے لیے قومی ایئرلائن کے 24 گھنٹے دستیاب کال سینٹر، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 یا مانچسٹر ایئرپورٹ پر قائم پی آئی اے کاؤنٹرز سے رابطہ کریں۔

Related posts

سرگودھا کانفرنس کی راہ میں رکاوٹیں، موٹروے بند کرنے پر جے یو آئی کا پنجاب حکومت کے خلاف احتجاج

اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ ڈیٹا سینٹر سیٹلائٹس بھیجنے کی مشروط منظوری مل گئی

مولانا فضل الرحمان نہ گرفتار ہیں، نہ ہاؤس اریسٹ، پولیس کو مطلوب بھی نہیں: سی سی پی او لاہور