سرگودھا (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ سرگودھا میں پارٹی کی کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے پنجاب انتظامیہ مختلف رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور شہر کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔
اسلم غوری کے مطابق سورج نکلنے کے باوجود دھند کا جواز بنا کر موٹروے بند کردی گئی، جس کے باعث کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے کارکنوں اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے خوف سے عوام کو پریشان کیا جا رہا ہے۔
جے یو آئی ترجمان نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانے والے اب ووٹ کو پاؤں تلے روند رہے ہیں۔ ان کے بقول حکمران ایک کانفرنس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ایسی پابندیاں ان کے اقتدار کے خاتمے کا آغاز ثابت ہوں گی۔
اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ ہزاروں کارکن تمام رکاوٹوں کے باوجود سرگودھا کی جانب روانہ ہیں اور کانفرنس کے مقام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی اور صوبائی قائدین کانفرنس سے خطاب کریں گے اور تمام رکاوٹوں کے باوجود پروگرام منعقد ہوگا۔
ترجمان جے یو آئی نے کارکنوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اشتعال میں نہ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدامنی پھیلانے والے عناصر پر نظر رکھیں۔