مولانا فضل الرحمان نہ گرفتار ہیں، نہ ہاؤس اریسٹ، پولیس کو مطلوب بھی نہیں: سی سی پی او لاہور

لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور ہائیکورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران پولیس نے اپنا جواب جمع کرادیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں ہاؤس اریسٹ کیا گیا ہے، جبکہ وہ پولیس کو مطلوب بھی نہیں ہیں۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے عدالت میں پولیس کا جواب جمع کرایا۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز کسی کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ان کے تعزیت کے لیے جانے کا کیا ثبوت موجود ہے؟ اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ مولانا کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔ عدالت نے متعلقہ ویڈیوز اور تصاویر پیش کرنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات بتانا ہوں گی، جبکہ غیر قانونی اقدام کرنے والے کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے۔ اس دوران لاہور کے علاقے پارک ویو سوسائٹی میں ان کی قیام گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات کیے جانے اور ان کی نقل و حرکت محدود ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں آئی جی پنجاب پولیس، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

Related posts

سرگودھا کانفرنس کی راہ میں رکاوٹیں، موٹروے بند کرنے پر جے یو آئی کا پنجاب حکومت کے خلاف احتجاج

اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ ڈیٹا سینٹر سیٹلائٹس بھیجنے کی مشروط منظوری مل گئی

نئے صوبوں پر پی ٹی آئی میں مشاورت، عمران خان سے حتمی فیصلے کے لیے ملاقات کی کوشش