راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کے مبینہ قتل کا مقدمہ، بھائی اور والد گرفتار

راولپنڈی (پاک ٹوڈے): راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں شادی شدہ بہن کو مبینہ طور پر چھری کے وار سے زخمی کرنے اور بعد ازاں اس کی موت کے واقعے میں پولیس نے مقتولہ کے بھائی اور والد کو گرفتار کرلیا ہے۔ بھائی پر بہن کو قتل کرنے جبکہ والد پر واقعے کو چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ سال 2025 میں پیش آیا تھا، جب شادی شدہ خاتون راضیہ اظہر اپنے والدین کے گھر گئی تو مبینہ طور پر اس کے بھائی احسان اظہر نے پیٹ میں چھری کے وار کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔ خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ تقریباً ایک سال تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔

مقتولہ کے شوہر سعید اختر نے تھانہ کہوٹہ میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی اہلیہ کو اس کے بھائی نے قتل کی نیت سے زخمی کیا تھا، تاہم بعد میں اس کے اہلخانہ نے اس کی تدفین کردی اور انہیں موت کی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔

مدعی نے الزام عائد کیا کہ اس کے سالے احسان اظہر نے چھری کے وار کرکے اہلیہ کو شدید زخمی کیا، جبکہ سسر اظہر زمان نے واقعے کو چھپایا۔ انہوں نے دونوں کے خلاف قانونی کارروائی اور انصاف کی فراہمی کی درخواست کی۔

پولیس نے شوہر کی مدعیت میں قتل اور شواہد چھپانے سے متعلق دفعات 302 اور 201 کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شادی پسند کی تھی اور ابتدا میں دونوں خاندان اس رشتے پر راضی نہیں تھے، تاہم بعد میں معاملات طے پاگئے تھے۔ واقعے کے روز والدین کے گھر بہن اور بھائی کے درمیان کسی بات پر تلخی ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر چھری سے حملہ کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون مختلف اسپتالوں اور گھر میں زیر علاج رہی۔ اس کی موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم، فرانزک تجزیے اور تفتیش کے بعد ہوگا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقتولہ کے شوہر کے مطابق برادری کے فرق کے باعث دونوں خاندانوں میں اختلافات تھے اور ان کی اہلیہ ایک سال سے زائد عرصے سے والدین کے گھر مقیم تھی۔ وہ اس دوران اہلیہ کی عیادت کے لیے اسپتال بھی جاتے رہے۔

Related posts

اسلام آباد میں یکم دسمبر سے سرکاری دفاتر میں نقد لین دین بند، تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی

پاکستان میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز ایک بار پھر ملتوی، نئی تاریخوں کے تعین کے لیے مشاورت شروع

سرگودھا کانفرنس کی راہ میں رکاوٹیں، موٹروے بند کرنے پر جے یو آئی کا پنجاب حکومت کے خلاف احتجاج