لاہور (پاک ٹوڈے): پنجاب حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری افسران کے لیے 4 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے لگژری اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی تجویز پیش کردی۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبہ لاہور کینٹ میں برکی روڈ پر 60 کنال ایک مرلہ سرکاری اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 24 دو بیڈ روم اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی تجویز ہے، جبکہ رہائشی سہولیات کے ساتھ وی آئی پی جم، لائبریری، انڈور گیمز، ایگزیکٹو لاؤنج، کیفے اور کنونشن ہال بھی شامل ہوں گے۔
منصوبے میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ یہ منصوبہ رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہے اور اسے 24 ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کی بھاری لاگت پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی ٹیکنیکل ونگ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ٹیکنیکل ونگ نے منصوبے کے اخراجات اور مہنگی سہولیات کا ازسرنو جائزہ لینے کی سفارش کی ہے۔
