پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور ہائیکورٹ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مزید کارروائی سے روک دیا اور ہدایت کی ہے کہ اگلی سماعت تک کسی قسم کی کارروائی نہ کی جائے۔
کیس کی سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اندرونِ شہر پشاور میں ان کے موکل کی دکان مسمار کی گئی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے سے متعلق متعدد درخواستیں دائر ہوئی ہیں، اس لیے تمام درخواستوں کو 5 نومبر کو ایک ساتھ سنا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران پیش ہو کر وضاحت کریں کہ اب تک کیا کارروائی کی گئی اور کس طریقۂ کار کے تحت عمل درآمد ہوا۔
عدالت نے مزید کہا کہ کسی بھی کارروائی سے قبل متعلقہ فریق کو نوٹس دیا جانا چاہیے۔ پشاور ہائیکورٹ نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر افسران کو پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔
