پمز سانحہ کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، وفاق بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی فائر آڈٹ کا آغاز

اسلام آباد (پاک ٹوڈے)​: سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے، جس میں واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے ساتھ غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے تمام اراکین کے دستخطوں سے متفقہ رپورٹ وزیراعظم کے سپرد کی۔

​تحقیقاتی رپورٹ میں پمز اسپتال میں علاج کی ناکافی سہولیات اور عالمی معیار کے عدم موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں ریسکیو کارروائیوں میں درپیش مشکلات، متعلقہ غیر حاضر عملے، انتظامیہ، ڈاکٹروں اور فائر بریگیڈ ٹیموں کے تفصیلی بیانات شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے واضح سفارشات بھی مرتب کی گئی ہیں۔

​دوسری جانب، وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وزارتِ صحت نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے وفاق کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ماہر کمپنیوں کے ذریعے فوری فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ آڈٹ کے دوران فائر الارم، فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی اخراج کے راستوں، بجلی کے نظام (فائر ہیزرڈز) اور عملے کی ہنگامی تیاری کا جائزہ لیا جائے گا۔

​سانحہ کے بعد اعلیٰ سطح کی انسپکشن ٹیم کے متوقع دورے کے پیشِ نظر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے 29 اگست کے لیے تمام کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے سربراہان اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے تمام ریکارڈ کے ساتھ حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Related posts

تربت: خیرآباد میں ایف سی کے موٹر کیڈ پر حملہ، 1 اہلکار مارا گیا، 3 زخمی

غزہ: گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے مزید 9 فلسطینی شہید

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آیت نور کے والد کے سامنے جذباتی ہو کر رو پڑے، 1 کروڑ کی امداد اور ’آیت نور بل‘ کا اعلان