پشاور (پاک ٹوڈے) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ملک بدری 6 ماہ کے لیے روک دی ہے، جبکہ درخواست گزار کو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کے حصول کے لیے نادرا میں نئی درخواست جمع کرانے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق نادرا درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا اور درخواست میں کسی کمی یا اسے مسترد کرنے کی صورت میں تحریری حکم کے ذریعے وجوہات سے آگاہ کرنا ہوگا۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار نیچرلائزیشن ایکٹ 1926 کے تحت پاکستانی شہریت کے حصول کے لیے بھی درخواست دے سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں سیکرٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہریت کی درخواست پر ترجیحی بنیادوں پر 6 ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ درخواست گزار خاتون کے افغان شوہر کو آئندہ 6 ماہ یا وفاقی حکومت کی جانب سے فیصلہ ہونے تک ملک بدر نہ کیا جائے۔