پشاور میں اقلیتی حقوق سے متعلق ون مین کمیشن کا اہم اجلاس، 5 فیصد روزگار کوٹے پر بڑی پیش رفت

پشاور (پاک ٹوڈے): اقلیتی برادری کے حقوق سے متعلق ون مین کمیشن کا اہم اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں اقلیتی برادری کے نمائندوں، مختلف انتظامی سیکرٹریز اور پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے کہا کہ اقلیتی برادری کو آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی میں خیبرپختونخوا نے کافی پیش رفت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد میں خیبرپختونخوا کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔

اجلاس میں اقلیتی برادری کے لیے پانچ فیصد روزگار کوٹے پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں اقلیتی برادری کے لیے 3380 سرکاری آسامیاں مختص ہیں، جن میں سے 1282 اہل امیدواروں کو پانچ فیصد کوٹے کے تحت بھرتی کیا جا چکا ہے، جبکہ 2106 آسامیاں تاحال خالی ہیں۔

ڈاکٹر شعیب سڈل نے ہدایت کی کہ خالی آسامیوں پر اقلیتی امیدواروں کی بروقت بھرتی کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں اور مطلوبہ اہلیت کے امیدوار نہ ملنے کی صورت میں کوٹے پر عملدرآمد کے لیے مزید آپشنز پر غور کیا جائے۔ اجلاس میں اقلیتی نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جو اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

اجلاس میں سرکاری جامعات میں دو فیصد اقلیتی طلبہ کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ تمام سرکاری جامعات نے آئندہ داخلوں میں دو فیصد اقلیتی طلبہ کوٹے پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ گوردوارہ سارا گڑھی سنگھ سبھا ہنگو کو سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے اور اس کی رجسٹریشن مکمل ہوتے ہی مزید ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر شعیب سڈل نے متعلقہ حکام کو گوردوارہ کی رجسٹریشن کے عمل میں تعاون کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اقلیتی ملازمین کی تقرری اور تبادلوں کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی سربراہی ڈاکٹر شعیب سڈل کریں گے اور تقرری و تبادلوں کے عمل کے لیے واضح پالیسی رہنما اصول مرتب کیے جائیں گے۔

Related posts

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صحت کارڈ پلس سے متعلق اہم اجلاس، بڑی اصلاحات پر غور

پاکستان کا سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ

سرکاری وردی میں ملبوس مسلح افراد کا گھر پر چھاپہ، اہلخانہ یرغمال، 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار