کراچی (پاک ٹوڈے): صوبائی دارالحکومت کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی رہائش گاہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں اسٹور روم میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا س۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح شارع فیصل کے قریب واقع محمد علی سوسائٹی میں قائم گھر کے اسٹور روم میں اچانک آگ نمودار ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور ساتھ جڑے واش روم کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ ہی دیر میں آگ پر مکمل قابو پا لیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق فائر فائٹرز کی بروقت کارروائی کے باعث آگ کو گھر کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا، جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی حتمی وجوہات کا تعین فی الحال نہیں ہو سکا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔