پشاور: انصاف ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر نبی جان مبینہ طور پر لاپتہ

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے صوبائی صدر ڈاکٹر نبی جان آفریدی کے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع اور پاکستان تحریک انصاف کے مطابق ڈاکٹر نبی جان کو ہسپتال کے ہاسٹل کے سامنے اس وقت نامعلوم وردی پوش اہلکار مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے گئے جب وہ ایمبولینس کے ذریعے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر نبی جان کو لے جانے کی کوشش کے دوران دیگر ڈاکٹروں نے مزاحمت کی، جس پر مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں ڈاکٹر زین بھی شامل ہیں، جنہیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب انصاف ڈاکٹرز فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سعد کے بھی لاپتہ ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

واقعے کے بعد ڈاکٹر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کرکے قانونی کارروائی کی جائے اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

Related posts

این سی سی آئی اے کا ہنی ٹریپ اور سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن، 26 ملزمان گرفتار

کرک میں پولیس اہلکاروں پر حملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہار افسوس

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کا پھیلاؤ، کوہاٹ میں کیسز کی تعداد 1,347 تک پہنچ گئی