کراچی (پاک ٹوڈے): پاکستان میں تقریباً دو دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے، اس سلسلے میں ترکی کی سرکاری توانائی کمپنی کا جدید سیسمک سروے جہاز ’’عروج رئیس‘‘ کراچی پہنچ گیا ہے۔
ترک جہاز کراچی پورٹ کی برتھ نمبر 24 پر لنگر انداز ہوچکا ہے، جبکہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کے لیے افتتاحی تقریب آج کراچی پورٹ پر منعقد ہوگی۔
اس منصوبے کے تحت ترکی کی کمپنی نے پاکستان میں آف شور تیل و گیس کی تلاش کے لیے باضابطہ شراکت داری کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے 18 سال کے وقفے کے بعد جنوری 2025 میں آف شور بڈ راؤنڈ کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت 40 سمندری بلاکس کی نیلامی کا عمل شروع کیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) بھی آف شور بلاک میں ٹو ڈی اور تھری ڈی سیسمک سروے مکمل کرچکی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے تقریباً 3 لاکھ مربع کلومیٹر پر پھیلے سمندری علاقے میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہونے کے امکانات ہیں۔ پاکستان کی سمندری حدود متحدہ عرب امارات، عمان اور ایران جیسے توانائی سے مالا مال ممالک کی سمندری حدود سے متصل ہیں۔
تاہم قیام پاکستان سے اب تک سمندری علاقوں میں صرف 18 کنویں کھودے جا سکے ہیں، جبکہ نئے مشترکہ منصوبے سے تلاش کے عمل میں تیزی آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بھی وفد کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے، جہاں وزیر پیٹرولیم، وزیر ثقافت سندھ اور سیکریٹری پیٹرولیم نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ ترک وزیر توانائی اس موقع پر ترکی کی نمائندگی کریں گے۔
