پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا سعودی عرب میں فوجی دستے فوری تعینات کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سعودی عرب میں فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس سعودی عرب کو درپیش سلامتی کی صورتحال اور خطرات کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا، جس میں تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کیا۔

بیان کے مطابق رکن ممالک طے شدہ انتظامات اور اپنی قومی قانون سازی کے تحت مطلوبہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کو سعودی عرب میں جلد تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد عسکری تیاری، باہمی ہم آہنگی اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں سمیت سعودی عرب کے شہروں، شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی حملے یا خطرے کو مسترد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان اور ترکیہ نے سعودی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور چوکسی کو سراہا۔ کمیٹی نے اجلاس سے قبل ہونے والی سیاسی و عسکری مشاورت کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ سفارشات کی بھی منظوری دی۔

دفتر خارجہ کے مطابق کمیٹی نے اس عزم کی بھی توثیق کی کہ مکہ دفاعی معاہدہ اجتماعی دفاع اور سلامتی کو درپیش خطرات کے مقابلے میں رکن ممالک کے متحدہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔

Related posts

آبنائے ہرمز کی بندش، پاکستان نے قطر سے 3 ایل این جی کارگو لینے کا فیصلہ کرلیا

افغان حکومت کا عالمی فوجداری عدالت کے نئے گرفتاری وارنٹس مسترد کرنے کا اعلان

افغانستان میں نیٹو کی موجودگی کسی صورت قابل قبول نہیں، روس