اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے مطابق اسلام آباد پہنچنے پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔

انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھارت اور پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے عسکری مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت بھی ان کے پروگرام کا حصہ ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس کے دورے میں کثیرالجہتی نظام کے استحکام، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پیشگی انتباہ کے شعبوں میں پاکستان کی پیش رفت سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔

Related posts

صدر اور وزیراعظم جب گورنر راج کا فیصلہ کریں گے، صوبہ اس کو لاگو کرے گا: فیصل کریم کنڈی

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کا فیصلہ

مرکزی کرم کے تور غر میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی