واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم سے مطمئن ہیں، تاہم بعض عہدوں پر تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ پر اعتماد کا اظہار کیا، حالانکہ ایران جنگ سے نمٹنے کے معاملے پر ان کے خلاف تنقید میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل سی بی ایس نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے پوچھا تھا کہ آیا ہیگسیتھ کو عہدے پر برقرار رہنا چاہیے یا نہیں۔
پروگرام ’’60 منٹس‘‘ کے لیے دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا دو جنگوں میں کامیابی حاصل کر چکا ہے، جن میں وینزویلا میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا سے اربوں ڈالر حاصل کیے ہیں اور مزید مالی فوائد حاصل کرنے کی توقع ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کی شکست کے بعد وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز نے بھی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ کے مطابق اسٹیفن ملر ان کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ تبدیلی لانا چاہتے تھے اور بعض اوقات زندگی میں تبدیلیاں کرنا ضروری ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ میں اس سے قبل بھی کئی اہم عہدیدار اپنے عہدوں سے الگ ہو چکے ہیں، جن میں اٹارنی جنرل، وزیر داخلہ اور وزیر محنت شامل ہیں۔
