ٹانک (پاک ٹوڈے): ضلع ٹانک کے گاؤں شیخ سلطان میں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں بنیادی مرکزِ صحت (بی ایچ یو) کو بارودی مواد کے دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ مرکزِ صحت کو چند روز قبل بھی نامعلوم عناصر نے بارودی مواد سے نشانہ بنایا تھا، جبکہ حالیہ شدید دھماکے کے بعد عمارت تقریباً 80 فیصد تک منہدم ہو چکی ہے۔
ایک ہی صحت مرکز پر مسلسل حملوں کے بعد علاقے کے شہریوں اور طبی عملے میں شدید تشویش و خوف پھیل گیا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو بنیادی علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔