جنوبی وزیرستان لوئر (پاک ٹوڈے): وانا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق عبداللہ ولد محمد نور، قوم مرکز خیل، سکنہ شین ورسک، اور ناور خان ولد محمد خان، سکنہ شین ورسک، موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والا عبداللہ محکمہ صحت میں کلرک تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور بظاہر اسے دہشتگردی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اہل علاقہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ کی مذمت کی اور حکومت و متعلقہ اداروں سے علاقے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
