وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص گرفتار، گاڑی سے ٹرمپ کو قتل کرنے کے منصوبے سے متعلق شواہد ملنے کا دعویٰ

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی سیکرٹ سروس نے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مشتبہ گاڑی سے تین آتشیں ہتھیار اور درجنوں گولیاں برآمد کرکے وینزویلا سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

امریکی محکمہ داخلی سلامتی کے مطابق ملزم نے اہلکاروں کو بتایا کہ اسے ذہن میں ایسی آوازیں سنائی دیتی تھیں جو اسے واشنگٹن جا کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا کہتی تھیں۔

ملزم کی شناخت رونی یورڈرکس گوانیپا چرینوس (Ronny Yordrix Guanipa Chrinos) کے نام سے ہوئی ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق سیکرٹ سروس کے اہلکار نے 5 نومبر کی رات وائٹ ہاؤس کے قریب کھڑی نیلے رنگ کی فورڈ ایف 150 گاڑی میں موجود شخص کو مشتبہ حالت میں دیکھا اور اس سے رابطہ کیا۔

حکام کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران اے آر 15 طرز کی رائفل، میک 10 طرز کا ہتھیار، گلاک 43 ایکس پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ گاڑی کے چوری شدہ ہونے کی رپورٹ بھی موجود تھی۔

امریکی حکام نے ملزم کو اسلحہ رکھنے اور منتقل کرنے کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی، گاڑی کے غیر مجاز استعمال اور چوری شدہ املاک سے متعلق الزامات کے تحت حراست میں لیا ہے۔

تاہم ٹرمپ کو قتل کرنے کی نیت سے متعلق بیان کی تفصیلات ابتدائی عدالتی حلف نامے میں شامل نہیں تھیں۔ اس لیے کسی باقاعدہ قاتلانہ منصوبے کی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ ملزم کی ذہنی صحت سے متعلق بھی کوئی مصدقہ طبی تشخیص جاری نہیں کی گئی۔

امریکی محکمہ داخلی سلامتی کے مطابق ملزم مارچ 2024 میں ٹیکساس کے راستے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا تھا اور سرحدی حکام نے اس وقت اسے گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا تھا۔

ملزم کو ابتدائی عدالتی سماعت کے بعد ضمانت کے بغیر حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ واقعے میں کسی فائرنگ یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

Related posts

ابراہیم کالن: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے قطر آئندہ ہفتے اہم ملاقات کی میزبانی کرے گا

مصر میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم، 7 افراد ہلاک اور 112 زخمی

یمن: 8 صوبوں پر فضائی حملے، حوثیوں کے مطابق 72 افراد ہلاک