نانٹکیٹ کے قریب لاپتا طبی امدادی طیارے کا ملبہ مل گیا، 6 افراد کی تلاش جاری

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی کوسٹ گارڈ نے میساچوسٹس کے علاقے نانٹکیٹ کے ساحل کے قریب لاپتا ہونے والے طبی امدادی طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا ہے، تاہم طیارے میں سوار تمام 6 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

حکام کے مطابق برمودا سے بوسٹن جانے والے گلف اسٹریم جی 100 طیارے سے ہفتے کی صبح تقریباً 2 بجے رابطہ منقطع ہوا، جس کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ اور دیگر اداروں نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔

طیارے میں 6 افراد سوار تھے، جن میں 4 کینیڈین شہری اور ایک مریض سمیت برمودا کے 2 شہری شامل تھے۔ حکام کے مطابق تمام مسافروں کے قریبی رشتہ داروں کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق لاپتا افراد کی تلاش کیلئے متعدد طیارے، ہیلی کاپٹر اور ریسکیو کشتیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ تقریباً 27 گھنٹوں کے دوران 1,644 مربع میل کے سمندری علاقے میں سرچ آپریشن کیا جاچکا ہے۔

تلاش کی کارروائی میں مختلف مقامات سے کوسٹ گارڈ کے طیارے، ہیلی کاپٹر، موٹر لائف بوٹس اور ریسکیو کٹر شامل ہیں، جبکہ نیویارک ایئر نیشنل گارڈ کے 106ویں ریسکیو ونگ کے 2 ہیلی کاپٹر اور ایک HC-130 طیارہ بھی آپریشن میں شریک ہے۔

کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ تلاش کا عمل جاری رکھا جائے گا اور واقعے سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہونے پر فراہم کی جائیں گی۔

Related posts

فلائی دبئی کے شریک پائلٹ کو سزائے موت دینے کا فیصلہ، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

برطانوی فیئرفورڈ ایئربیس سے امریکا نے تمام B-1 بمبار طیارے واپس بلا لیے

اماراتی پرواز میں کپتان پر چاقو سے حملہ، شریک پائلٹ کے ماضی سے متعلق اہم انکشافات