اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور ممکنہ ریفرنڈم کے معاملے پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد کے بجائے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر اچانک ملاقات کی، جس میں دونوں جماعتوں کے اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔ سرکاری طور پر ملاقات کو ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر مشاورت قرار دیا گیا، تاہم صحافتی حلقوں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ بھی اس ملاقات کے اہم موضوعات میں شامل تھا۔
پاکستان میں گزشتہ چند روز سے نئے صوبوں کے قیام کی بحث نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ ایسے میں صدر زرداری کا لاہور پہنچ کر وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر طویل ملاقات کرنا غیر معمولی سیاسی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف عام طور پر ہفتے اور اتوار کی تعطیلات لاہور میں اپنے گھر گزارتے ہیں، تاہم صدر مملکت کا خصوصی طور پر لاہور پہنچنا اور حکمران اتحاد کے اہم رہنماؤں کی موجودگی میں مشاورت کرنا سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیوں کا سبب بن رہا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق 14 نومبر کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ترکیہ اور اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کے بارے میں بھی اگاہ کیا
ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاہم نئے صوبوں کے قیام یا ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔
نئے صوبوں پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں اختلافات؟
صحافی اسد اللہ خان کے مطابق نئے صوبوں کا معاملہ اس وقت اسلام آباد کی سیاست میں اہم موضوع بن چکا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ صدر آصف علی زرداری اس معاملے پر فوری پیش رفت کے حق میں نہیں اور وہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی تیار نظر نہیں آتے۔
ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی نئے صوبوں کے معاملے پر اختلافات موجود ہیں۔ بظاہر نواز شریف اور مریم نواز نئے صوبوں کے قیام کی حمایت نہیں کرتے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اس تجویز کے حامی ہیں۔
اسد اللہ خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ اگر سیاسی جماعتیں کسی آئینی ترمیم کی مخالفت کریں تو پارلیمنٹ میں مطلوبہ تعداد پوری کی جا سکے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے معاملے پر متفق نہیں ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی اس حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔
اسد طور کا دعویٰ: 15 جنوری تک ریفرنڈم کرانے کی کوشش
صحافی اسد طور نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی لاہور میں ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
ان کے مطابق حکومت کو 15 جنوری تک ریفرنڈم کرانے کے حوالے سے پیش رفت کا وقت دیا گیا ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو آئینی عدالت کے ذریعے اس معاملے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
اسد طور نے مسلم لیگ (ن) کے اندر اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، لیکن لاہور میں ہونے والی اہم ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک نہیں تھیں۔
ان کے بجائے وزیراعظم نے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ کو ملاقات میں شامل کیا۔
زرداری نئے صوبوں کا معاملہ 2030 کے بعد چاہتے ہیں؟ لاہور کے صحافی عارف ملک کا دعویٰ ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا نواب شاہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد لاہور پہنچنا اور وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کرنا غیر معمولی سیاسی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق صدر زرداری نئے صوبوں کے معاملے کو 2030 کے بعد شروع کرنے کے خواہاں ہیں، جبکہ بعض حکومتی حلقے اس معاملے کو اس سے پہلے حل کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد کے بعض سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مارچ 2027 سے پہلے پیش رفت کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق مارچ 2030 میں سینیٹ کی متعدد نشستوں پر انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی ایوان بالا میں اپنی پوزیشن مضبوط کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
محسن نقوی کا ریفرنڈم کے تجویز اور آئینی عدالت کا معاملہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو ان کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اس کے بعد پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے بھی ریفرنڈم کے نتائج کو آئینی عدالت میں لے جانے کے امکان کا ذکر کیا تھا۔
تاہم پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان کی منظوری ضروری ہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بھی آئینی ترمیم کی منظوری دو تہائی اکثریت سے حاصل کرنا ہوتی ہے۔ ریفرنڈم بذات خود اس آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں ہے تاہم ریفرنڈم کی صورت میں حکومت پر اس کے نتائج پر عملدرامد کرنا اخلاقی اور سیاسی لحاظ سے لازمی ہوگا۔
کیا شریف خاندان اور حکمران اتحاد میں سیاسی تقسیم بڑھ رہی ہے؟
لاہور کی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عدم موجودگی اور حمزہ شہباز کی شرکت کو بھی سیاسی حلقوں میں زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ بعض صحافی اسے شریف خاندان کے اندر مستقبل کی سیاسی قیادت اور وزارت عظمیٰ کے حوالے سے ممکنہ اختلافات سے جوڑ رہے ہیں
دوسری جانب صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں بڑی اتحادی جماعتوں کے درمیان اہم قومی اور سیاسی معاملات پر مشاورت جاری ہے اب دیکھنا ہے کہ دونوں جماعتیں کسی نکتہ پر متفق ہوتے ہیں یا نئے صوبوں کے قیام پر دونوں ایک دوسرے سے الگ ہوجاتے ہیں۔
پاکستان میں نئے صوبوں کا معاملہ اب محض انتظامی تقسیم کا سوال نہیں رہا بلکہ اس کے ساتھ پنجاب کی سیاسی حیثیت، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مستقبل کے تعلقات، سینیٹ میں سیاسی طاقت کے توازن اور آئینی ترامیم جیسے اہم معاملات بھی جڑ گئے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے بعد نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی مشترکہ حکومتی مؤقف سامنے آتا ہے یا حکمران اتحاد کے اندر اختلافات مزید نمایاں ہوتے ہیں۔
