اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے)۔ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور ممکنہ ریفرنڈم کے معاملے پر حکمران اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز سے شروع ہونے والی بحث اب حکومتی وزراء کے درمیان الزامات، جوابی بیانات اور سوشل میڈیا پر سخت تنقید تک پہنچ گئی ہے۔
سیاسی مبصرین اور صحافتی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا نئے صوبوں کا معاملہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان پہلے سے موجود اختلافات کو مزید گہرا کرکے حکومتی اتحاد کے مستقبل کو متاثر کر سکتا ہے؟
جیو نیوز کے اینکر شہزاد اقبال نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ پاکستان میں نئے صوبے کب اور کتنے بنیں گے اور اس حوالے سے کوئی باضابطہ تجویز پارلیمنٹ میں کب پیش کی جائے گی۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کا متفقہ مؤقف بھی واضح نہیں اور معاملہ حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔
محسن نقوی کی تجویز سے شروع ہونے والی بحث
نئے صوبوں کے قیام پر موجودہ سیاسی بحث کا آغاز 30 جولائی کو اس وقت ہوا جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موجودہ نظام کو ری سیٹ کرنے اور نئے صوبے بنانے کی ضرورت پر بات کی۔
بعد ازاں انہوں نے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کی اور 12 نومبر کو ریفرنڈم کو اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کا ایک ممکنہ طریقہ بھی قرار دیا۔
تاہم وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں سیاسی اتفاق رائے سے ہوگا اور ابھی تک یہ معاملہ نہ وفاقی کابینہ میں باضابطہ طور پر زیر بحث آیا ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کی محسن نقوی پر تنقید، تاجروں کو بھی نشانہ بنایا
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کی بحث شروع کرنے کے طریقہ کار پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ایک اقتصادی فورم سے شروع کیا گیا، جہاں بعض ایسے کاروباری افراد موجود تھے جن کا ماضی اور سیاسی سرگرمیوں کا ریکارڈ قابل اعتراض رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے الزام لگایا کہ بعض کاروباری شخصیات ہر دور میں حکمرانوں اور طاقتور حلقوں کے سامنے خود کو ملک کا نجات دہندہ قرار دینے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے افراد کاروبار کے ساتھ ساتھ سیاسی معاملات میں بھی اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث کو اس انداز میں آگے بڑھایا گیا جیسے موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہو، جس کے بعد وزیراعظم کے خلاف بھی باتیں کی گئیں۔
رانا ثناء اللہ کے ان بیانات کو محسن نقوی کی تجاویز پر حکومت کے اندر موجود اختلافات کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
محسن نقوی کا جوابی انتباہ
رانا ثناء اللہ کی تنقید کے بعد محسن نقوی نے بھی سخت ردعمل دیا۔
انہوں نے ایک صحافی سے گفتگو میں کہا کہ ایک وزیر روزانہ ٹی وی پروگراموں میں ان پر تبصرے کر رہے ہیں، تاہم جس دن انہوں نے اس وزیر کے بارے میں بات شروع کی تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کاروباری شخصیات کے دفاع میں کہا کہ جن تاجروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پاکستان کے معزز شہری، مختلف شہروں اور وفاقی سطح پر چیمبرز آف کامرس کے عہدیدار اور ملک میں زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری افراد ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ کاروباری شخصیات اتنی ہی بری ہیں تو سیاسی جماعتیں ہر انتخاب کے موقع پر ان سے پارٹی فنڈز کے نام پر اربوں روپے کیوں حاصل کرتی ہیں؟
اگرچہ محسن نقوی نے متعلقہ وزیر یا سیاسی جماعت کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے بیان کو رانا ثناء اللہ کی تنقید کا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف کی بلاول بھٹو پر سخت تنقید، پیپلز پارٹی کو موقع پرست قرار دے دیا
نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات اس وقت مزید نمایاں ہوئے جب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
خواجہ آصف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں امید تھی کہ نئی نسل ان کی نسل سے زیادہ اصول پسند ہوگی، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ نئی نسل دو نمبری اور رنگ بدلنے میں ان سے بھی آگے نکل جائے گی۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے پیپلز پارٹی کو موجودہ نظام سے فائدہ اٹھانے والی جماعت قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ جو لوگ خود نظام کے سب سے بڑے مستفید ہیں، وہ اسی نظام پر تنقید کیسے کر سکتے ہیں؟
خواجہ آصف نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی تقریباً 18 سالہ حکمرانی، وفاق سے منتقل ہونے والے فنڈز اور صوبے میں حکومتی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں بعض جائیدادوں کی ملکیت اور ان کے استعمال سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے سیاسی رہنماؤں سے اپنے اثاثوں اور جائیدادوں کے بارے میں وضاحت دینے کا مطالبہ کیا۔
خواجہ آصف کے ان بیانات پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ وفاقی وزیر دفاع نے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت، خصوصاً بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں ناقابل قبول زبان استعمال کی ہے اور ایک ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے بھی خواجہ آصف کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کا جواب دلیل سے دیا جانا چاہیے، ذاتی حملوں سے نہیں۔
بلاول بھٹو کی تقریر نے حکومتی اتحاد میں نئی بحث چھیڑ دی
سیاسی کشیدگی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں کی گئی تقریر بھی ہے، جس میں انہوں نے نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے مجوزہ طریقہ کار کی مخالفت کی تھی۔
بلاول نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم قبول نہیں کرے گی اور کسی بھی زبردستی کی کوشش کے نتیجے میں خون خرابہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ نہایت حساس ہے اور اس پر کوئی بھی فیصلہ سیاسی اتفاق رائے اور آئینی طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے۔
بلاول نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب انہیں یا صدر آصف علی زرداری کو اس معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا تو وفاقی حکومت کی جانب سے ریفرنڈم کی بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے؟
انہوں نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی قید کو سیاسی قید قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کے معاملے پر بھی بات کی اور تحریک انصاف کی مخصوص نشستیں واپس کرنے کو سیاسی اعتماد سازی کے لیے ایک ممکنہ قدم قرار دیا۔
ان کے اس خطاب کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی کو یاد دلایا کہ دونوں جماعتیں ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی کے طرز سیاست پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت کا حصہ بن کر حکومتی سہولیات اور اختیارات حاصل کرنا اور دوسری طرف اپوزیشن کی طرح حکومت پر تنقید کرنا دوہرا معیار ہے۔
کیا پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے؟
اس تمام صورت حال میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی حکومتی اتحاد کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے؟
تاحال پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی مسلم لیگ (ن) نے اتحاد ختم کرنے کا کوئی فیصلہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گزشتہ روز ملاقات میں اتفاق کیا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سمیت کسی بھی اقدام کے لیے آئینی تقاضوں کی پابندی ضروری ہے۔
ادھر اسلام آباد کے باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور راولپنڈی کی ایک طاقتور شخصیت کے درمیان گزشتہ شام عشائیے پر ملاقات ہوئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری سیاسی بیان بازی جلد ختم ہو جائے گی اور پیپلز پارٹی اپنے مؤقف میں نرمی لا سکتی ہے۔
تاہم اس ملاقات کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ایوان صدر نے اس کی تصدیق کی ہے۔