نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی منتقلی پر محسن نقوی اور چودھری شجاعت حسین کی اہم ملاقات

لاہور (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور نئے صوبوں کے قیام سمیت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوامی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملک کے مستقبل سے جڑا معاملہ ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام شہری ہیں اور عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا وقت معاف نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی خواہشات اور منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسدادِ شدت پسندی اور قیامِ امن کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے بھی چودھری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

Related posts

لکی مروت میں پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکا، 2 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی

شاہد میتلا کی درخواستِ ضمانت مسترد، وکلا کا سیشن کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ٹرمپ خاتون صحافی کے سوال پر برہم، بدتمیز قرار دے کر پچھلی صف میں بیٹھنے کا مشورہ دے دیا