شاہد میتلا کی درخواستِ ضمانت مسترد، وکلا کا سیشن کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے

کوئٹہ (پاک ٹوڈے): کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافی شاہد میتلا کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی ہے، جس کے بعد ان کے وکلا نے سیشن کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہد میتلا کی درخواستِ ضمانت وکیل راہب بلیدی ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ ہفتم کی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اختر شاہ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو بعد ازاں سناتے ہوئے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

وکیل راہب بلیدی کا موقف

شاہد میتلا کے وکیل راہب بلیدی ایڈووکیٹ نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ اب سیشن کورٹ میں درخواستِ ضمانت دائر کی جا رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ شاہد میتلا کو جلد ضمانت مل جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس جرم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، اس کی سزا تین سال سے کم ہے اور اس نوعیت کے مقدمات میں متعدد افراد کو ضمانت مل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا کہ موجودہ درخواست کیوں مسترد کی گئی، حالانکہ ان کے پاس ایسے مقدمات کے عدالتی فیصلوں کے حوالے موجود ہیں جن میں اسی نوعیت کی دفعات کے تحت ضمانت منظور کی گئی۔

راہب بلیدی کے مطابق، ضمانت کی درخواست میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ سیشن کورٹ ان قانونی نکات کا جائزہ لے کر ضمانت منظور کرے گی۔

شاہد میتلا کی گرفتاری کا معاملہ

صحافی شاہد میتلا کو سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں اسلام آباد سے کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت ڈسٹرکٹ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

پیکا ایکٹ کی دفعہ 26 اے میں سزا

پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی دفعہ 26 اے کے تحت جان بوجھ کر ایسی جھوٹی معلومات پھیلانا یا کسی دوسرے شخص تک پہنچانا جرم ہے، جس سے عوام میں خوف، انتشار یا بدامنی پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔

اس جرم کی سزا تین سال تک قید، 20 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

Related posts

لکی مروت میں پولیس وین پر آئی ای ڈی دھماکا، 2 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی

ٹرمپ خاتون صحافی کے سوال پر برہم، بدتمیز قرار دے کر پچھلی صف میں بیٹھنے کا مشورہ دے دیا

افغانستان سے واپسی پر امریکی یوٹیوبر سنیکو سے ایف بی آئی کی 8 گھنٹے پوچھ گچھ، الیکٹرانک آلات ضبط