انتخابی اصلاحات میں تمام جماعتوں کو برابری کی نمائندگی دی جائے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کو سیاسی معاملہ نہیں بنایا جانا چاہیے، ان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔

ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق پارٹی کو شدید تحفظات ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ان کا علاج شفا انٹرنیشنل اسپتال میں ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اہلخانہ اور ذاتی معالج سے ملاقات کی سہولت فراہم کرنا بھی عدالتی حکم کا حصہ ہے۔ جب تک ان تمام ہدایات پر عمل درآمد نہیں ہوتا، ان کے تحفظات دور نہیں ہوں گے۔ ان کے بقول سابق وزیراعظم، سیاسی رہنما اور قیدی ہونے کی حیثیت سے عمران خان کو علاج معالجے اور ملاقاتوں کے بنیادی حقوق حاصل ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جبکہ پارٹی کے دیگر وکلا جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے اور اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ پہلے بھی عدالت کو آگاہ کر چکے ہیں، آئندہ سماعت پر دوبارہ وضاحت پیش کی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہییں، تاہم یہ الگ معاملہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، اہلخانہ اور وکلا کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے۔ پی ٹی آئی کو انصاف ملنا چاہیے اور انصاف ہوتا ہوا دکھائی بھی دینا چاہیے۔

Related posts

عمان میں مسافر بس اور دو ٹرکوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق، 17 زخمی

بنوں میں جائیداد کا تنازع تین افراد کی جان لے گیا، فائرنگ سے دو بھائی اور مہمان قتل

نئے صوبوں کے معاملے پر حکومتی اتحاد میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے، کیا اتحاد ٹوٹنے کے قریب ہے؟