ملاکنڈ (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی چکدرہ انٹرچینج پہنچے، جہاں کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ملاکنڈ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ہم عمران خان کے نڈر اور غیرت مند کھلاڑی شکیل خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ مخالفین سادہ لباس میں جتنی مرضی غنڈہ گردی کرلیں، ہمارے جذبے اور نظریے میں کمی نہیں آئے گی اور کوئی طاقت ہمیں اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ ان کے مطابق ہمیں کرسی اور عہدہ نہیں بلکہ ملک میں انصاف، جمہوریت اور حقیقی آزادی چاہیے، جبکہ جو شخص کرسی کے پیچھے بھاگے اس کی سوچ چھوٹی ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہو چکی ہیں۔ ہم نے ہر حربہ آزمایا اور انصاف کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن شنوائی نہیں ہوئی، اس لیے اب 4 اکتوبر کو اپنے لیڈر، انصاف اور مستقبل کے لیے نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر گاڑیاں نہیں جائیں گی تو موٹر سائیکل پر جائیں گے، موٹر سائیکل ممکن نہ ہوئی تو سائیکل پر اور سائیکل بھی نہ ہوئی تو پیدل جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 اکتوبر کو ایک بار پھر دما دم مست قلندر ہوگا اور 5 اکتوبر کو عمران خان کی سالگرہ یوم فتح کے طور پر منائی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ جو سومنات والی بات پر غصے میں آگئے، انہیں معصوم شہریوں پر گولیاں چلنے پر غیرت نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ آج معیشت تباہ حال ہے اور نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ان کے بقول یہ لوگ ہمیں دوسرے درجے کا شہری سمجھتے ہیں، تاہم ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور حقیقی آزادی تک کھڑے رہیں گے۔