ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، تاہم میزائلوں کا ملبہ شہر کے نواحی علاقوں میں دو مختلف مقامات پر گرا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ میزائلوں کو فضا میں روکنے کے بعد ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے اطراف میں گرا۔ سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مقام صبوحہ گاؤں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے تھے، جنہیں فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کردیا۔
سعودی حکام نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں ان حملوں کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کیا اور کہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
تاحال حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔
