کابل (پاک ٹوڈے): افغان حکومت نے چھ ماہ کی فوجی تربیت مکمل کرنے کے بعد ایک ہزار کمانڈوز کی فراغت کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارت کاروں، سفارت خانوں کے فوجی اتاشیوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق فارغ ہونے والے کمانڈوز نے خصوصی فوجی کورس کے آٹھویں دور میں چھ ماہ تک پیشہ ورانہ، تخصصی اور نظریاتی تربیت حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ افغانستان میں ایک مرکزی حکومت قائم ہے اور ملک کی سکیورٹی کو کوئی گروہ نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے غیر ملکی ممالک کو یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین سے کسی دوسرے ملک کو خطرہ نہیں ہے۔
حکام کے مطابق نئے تربیت یافتہ اہلکاروں پر عوام کے دفاع اور افغانستان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
تقریب سے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ افغان فورسز اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تشکیل دی گئی ہیں اور انہیں فوجی فیصلے کرتے وقت جذبات کے بجائے تحمل اور حکمت عملی سے کام لینا چاہیے۔
تقریب کے دوران فارغ ہونے والے کمانڈوز نے فوجی مشقوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ افغان فضائیہ کے ساتھ مل کر مختلف ڈرونز اور فضائی مشقوں کی صلاحیتیں بھی پیش کیں۔
