اسلام الدین ساجد
اسلام آباد: پاکستان میں معدنی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دو روزہ بین الاقوامی ایونٹ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگیا، جس میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندے، اعلیٰ حکام، سفارت کار، عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی کان کنی کی صنعت سے وابستہ شخصیات شرکت کررہی ہیں۔
فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی وسائل کو ملکی معیشت کی تبدیلی، برآمدات میں اضافے، صنعتی بنیاد مضبوط بنانے اور طویل المدتی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور محتاط مالیاتی انتظام کے ذریعے پاکستان نے اپنے معاشی اشاریوں کو مستحکم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اب معدنی شعبے کی ترقی معیشت کے اگلے مرحلے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پاس تانبے، سونے، لوہے، کرومائٹ، سیسہ، زنک، کوئلے، نمک، سنگ مرمر، جپسم اور قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنی وسائل کے وسیع ذخائر اور امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے خصوصی طور پر ملک کے مغربی حصے میں واقع ٹیتھیان میٹالوجینک بیلٹ میں تانبے اور سونے کے بڑے امکانات کا ذکر کیا۔
ریکوڈک منصوبہ عالمی سرمایہ کاری کی مثال
نائب وزیراعظم نے ریکوڈک کاپر اینڈ گولڈ منصوبے کو پاکستان میں بڑے پیمانے پر معدنیاتی سرمایہ کاری کی ایک اہم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی مہارت، قومی شراکت داری اور صوبائی ملکیت کے امتزاج کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کے مطابق اس منصوبے کی اہمیت صرف معدنی ذخائر تک محدود نہیں بلکہ یہ طویل المدتی تعاون، ادارہ جاتی تسلسل اور تجارتی شراکت داری کے ذریعے مقامی آبادی کو فوائد پہنچانے کا ایک نمونہ بھی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ بتدریج ملک کے اندر ان کی پروسیسنگ، ریفائننگ اور صنعتی مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کان کنی، جدید ٹیکنالوجی، پروسیسنگ کی سہولیات، توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری درکار ہوگی
۔
صوبائی ملکیت اور مقامی آبادی کا حق تسلیم کرنے کا اعلان
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے آئینی نظام کے تحت معدنی وسائل کی ترقی میں صوبوں کی شراکت داری ناگزیر ہے اور معدنی وسائل پر صوبوں کے آئینی اختیارات اور ملکیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری میں سہولت، پالیسیوں میں ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔
ان کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں معدنی وسائل کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ میں بھی کان کنی اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی کان کنی کے منصوبے کے فوائد صرف اس کی حدود تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ مقامی روزگار، ہنرمندی کی تربیت، پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مقامی کاروباروں کے فروغ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مقامی آبادی معدنی منصوبوں میں فعال طور پر شریک ہو اور ان سے مستفید بھی ہو۔ اس کے ساتھ مقامی لوگوں کے ذریعہ معاش، روایات اور ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی ضروری ہے۔
چین، امریکہ اور خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری کی توقع
پاکستان کی خارجہ پالیسی اور معاشی سفارت کاری کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی ترجیح بین الاقوامی تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
ان کے مطابق امریکہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے معاشی روابط نجی سرمایہ کاری، جدت اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات بھی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے ترکیہ، آذربائیجان، وسطی ایشیائی ریاستوں اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو بھی پاکستان کی معاشی سفارت کاری کا اہم حصہ قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام خطوں سے سرمایہ کاروں اور کان کنی کی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ حکومت ایسی بین الاقوامی شراکت داریاں چاہتی ہے جو صرف سرمایہ ہی نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، مہارت، تربیت اور عالمی منڈیوں تک رسائی بھی فراہم کریں۔
دو روزہ فورم میں سرمایہ کاری کے مواقع پر مذاکرات
اسحاق ڈار نے کہا کہ دو روزہ فورم بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کان کنی کی کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور پاکستانی سرکاری و نجی شعبے کے درمیان براہ راست مذاکرات اور تعاون کے مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ رابطے کرکے پاکستان میں معدنیات کی تلاش، کان کنی اور متعلقہ صنعتوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ فورم کے اختتام کے بعد بھی حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے جاری رکھے گی تاکہ ابتدائی مذاکرات کو ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز اور عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جاسکے۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کا مقصد اپنے معدنی وسائل کو ذمہ داری کے ساتھ ترقی دینا، صنعتی بنیاد مضبوط کرنا، برآمدات میں تنوع پیدا کرنا، صوبوں اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانا اور عالمی معدنیاتی معیشت میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنی حیثیت قائم کرنا ہے۔
انہوں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے باضابطہ افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے بین الاقوامی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
