اسلام آباد (پاک ٹوڈے): تحریک تحفظ آئین پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 4 اکتوبر کو دی گئی احتجاجی کال کی حمایت کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی کے مطابق تحریک انصاف اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے، اسی تناظر میں پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو احتجاج کی کال دی ہے اور تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ اس میں بھرپور شرکت کرے گی۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ 27 ستمبر کی احتجاجی کال کو اپوزیشن اتحاد کے سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر مشترکہ کال قرار دیا گیا تھا، جبکہ اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی قیادت سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا تھا کہ 27 ستمبر کے حوالے سے فیصلہ پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی نے کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کی جانب سے فیصلے کا اعلان کیے جانے سے قبل بیرسٹر گوہر قائدین حزب اختلاف کے پاس آئے تھے۔ اپوزیشن اتحاد کے قائدین نے انہیں بتایا تھا کہ 27 ستمبر سے ایک ایک دن اہم ہے اور موجودہ سیاسی صورتحال میں وقت کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق بیرسٹر گوہر سے کہا گیا تھا کہ یہ وقت دوبارہ نہیں آئے گا اور موجودہ حالات میں ملک کے جمہوری مستقبل اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے یہ وقت انتہائی اہم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے احتجاجی حکمت عملی پر پہلے ہی مشاورت کی جا چکی تھی، جبکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی رابطے جاری رہیں گے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق اتحادی جماعتیں 4 اکتوبر کی احتجاجی کال میں شرکت کے لیے رابطے اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
