ڈیرہ بگٹی (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل بیہہ لوٹی میں چیئرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ پر مسلح افراد کے حملے کے بعد بگٹی امن فورس کی جوابی کارروائی میں 13 حملہ آور ہلاک جبکہ امن فورس کا ایک جوان بھی مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے قریب سمجھے جانے والے وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر حملہ کیا۔ وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیر نگرانی بگٹی امن فورس نے حملے کے جواب میں کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ علی الصبح تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے مسلح افراد کے تعاقب کے دوران 13 حملہ آور مارے گئے۔ فورس کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں حملے کے ایک بڑے منصوبے کو روک دیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں بگٹی امن فورس کا ایک جوان جاں بحق جبکہ 3 جوان زخمی ہوئے، جنہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔
