راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں 446 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز دھننجیا ڈی سلوا اور کوشل مینڈس کی بیٹنگ سے کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے دن کے آغاز ہی میں دونوں سمیت سری لنکن بیٹنگ لائن کو پویلین واپس بھیج دیا۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا نے 167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کوشل مینڈس 119 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے غیرمعمولی بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 2 جبکہ رضا اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کو پہلی اننگز میں پاکستان پر صرف 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔
