مردان (پاک ٹوڈے): رستم کے علاقے مچھی جعفر آباد میں گھر کے اندر موجود خشک کنویں میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق 12 سالہ شاہ روم کی چپل گھر کے اندر موجود خشک کنویں میں گر گئی تھی، جسے نکالنے کے لیے وہ کنویں میں اترا، تاہم زہریلی گیس کے باعث بے ہوش ہوگیا۔
بیٹے کو بچانے کے لیے اس کا والد بھی کنویں میں اتر گیا، لیکن وہ بھی زہریلی گیس کی زد میں آکر بے ہوش ہوگیا۔ گھر کی خواتین کی چیخ و پکار سن کر ایک پڑوسی دونوں کو بچانے کے لیے کنویں میں اترا، تاہم وہ بھی گیس سے متاثر ہوکر جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کی لاشیں خشک کنویں سے نکال لیں۔
باپ بیٹے سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پھیلتے ہی پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا، جبکہ واقعے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
