پشاور (پاک ٹوڈے): لاہور میں بچوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے نامناسب ویڈیوز بنانے پر اکسانے اور بعد میں بلیک میل کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گڑھی شاہو کے رہائشی علی نے شکایت کی کہ ان کے کم عمر بھتیجے اور بھانجے نے سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد کے کہنے پر ایک نامناسب ویڈیو بنائی، جو بعد میں وائرل ہو کر اہل خانہ تک پہنچ گئی۔
اہل خانہ کی پوچھ گچھ پر بچوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد انہیں مختلف ٹاسک دیتے ہیں، ویڈیوز حاصل کرنے کے بعد رقم دیتے ہیں اور پھر بلیک میل کرکے مزید ویڈیوز بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
پولیس نے شکایت پر مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو خط لکھ دیا ہے۔
پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔