لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے سبزہ زار میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں اس کے سگے بھائی علی حسنین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
خاتون کے مؤقف کے مطابق، ملزم شادی سے پہلے بھی اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ خاتون کی چار سال قبل شادی ہوگئی، تاہم اس کا الزام ہے کہ ملزم نے اس کے بعد بھی پیچھا نہیں چھوڑا اور سسرال جا کر بھی اسے ہراساں کرتا رہا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس نے تنگ آکر تمام معاملہ اپنی والدہ کے علم میں لایا۔ والدہ نے ملزم کو سمجھانے اور روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ باز نہ آیا۔ خاتون کے مطابق، چند روز قبل دوبارہ مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آنے پر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حوالے سے ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کا کہنا ہے کہ خواتین سے زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔