فیفا کا بڑا ایکشن، ارجنٹائن پر بھاری جرمانے اور کھلاڑیوں پر پابندیاں

نیویارک (پاک ٹوڈے): فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات اور جھڑپوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ارجنٹائن کے خلاف سنگین تادیبی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

فیفا تحقیقات کے مطابق اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے اختتام پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان بدسلوکی ہوئی۔ کارروائی کے تحت ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں تھیاگو الماڈا اور گاویرا کو ایک ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو اپنے اگلے ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ 19 جولائی کو کھیلے گئے اس فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا تاج اپنے نام کیا تھا۔

Related posts

قومی ٹیم کی تاریخی پیش رفت، جاپان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست

انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دے دی

ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ برابر