14 سالہ پاکستانی نوجوان نے 141 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرا کے سب کو حیران کر دیا

خوشاب (پاک ٹوڈے): جوہر آباد میں لاہور قلندرز کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کے دوران 14 سالہ نوجوان فاسٹ بولر دوست محمد آفریدی نے 141 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرا کے سب کو حیران کر دیا۔ تقریباً 13 ہزار نوجوان کرکٹرز کی شرکت کے دوران دوست محمد آفریدی کی یہ گیند پورے ٹرائلز کی تیز ترین گیند قرار پائی۔

منتظمین کے مطابق ٹرائلز میں پورے خطے سے بیٹرز، بولرز اور آل راؤنڈرز سمیت ہزاروں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کی بولنگ کی رفتار، لائن اور لینتھ، فٹنس اور مجموعی صلاحیتوں کو جدید اسپیڈ گن اور ماہر کوچز کی نگرانی میں جانچا گیا۔

اسی دوران جب 14 سالہ دوست محمد آفریدی بولنگ کے لیے میدان میں اترے تو ان کے رن اپ، بولنگ ایکشن اور جارحانہ انداز نے کوچز کی توجہ حاصل کرلی۔ انہوں نے 141 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی، جو نہ صرف اس روز بلکہ پورے ٹرائلز میں سب سے تیز رفتار گیند تھی۔

دوست محمد آفریدی کا تعلق ایک عام گھرانے سے ہے اور ان کا خواب پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں اور انہی کی طرح تیز رفتار بولنگ کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

ٹرائلز میں موجود لاہور قلندرز کے کوچز نے بھی ان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی کم عمر میں 141 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنا غیر معمولی صلاحیت ہے۔ ان کے مطابق اگر دوست محمد کو پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت معیاری تربیت، فٹنس اور مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کا نمایاں کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ماضی میں حارث رؤف، زمان خان اور احمد دانیال جیسے باصلاحیت کرکٹرز کو متعارف کرا چکا ہے۔ دوست محمد آفریدی کی کارکردگی نے ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ پاکستان کے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی غیر معمولی کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے آگے بڑھنے کے لیے صرف مناسب مواقع اور پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

خوشاب کے کرکٹ شائقین نے بھی نوجوان فاسٹ بولر کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پورے علاقے کے لیے قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔

Related posts

محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور آمد، فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات

صحافیوں کی ملک گیر احتجاجی تحریک، آزادیٔ صحافت اور معاشی حقوق کو سنگین چیلنجز کا سامنا

سندھ میں 10 ماہ کے دوران 1473 افراد قتل، کراچی میں سب سے زیادہ واقعات رپورٹ