تہران (پاک ٹوڈے): تہران اور پیرس کے درمیان سفارتی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں ایران نے 2 فرانسیسی سفارتکاروں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے تو جواب میں فرانس نے بھی 2 ایرانی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران میں تعینات دونوں فرانسیسی اہلکار ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے، جن کے خلاف فرانس نے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں فرانسیسی اہلکار جولائی ہی میں ایران چھوڑ چکے تھے۔
دوسری جانب فرانسیسی حکومت نے اس فیصلے کو اپنے اہلکاروں پر ‘حملہ’ قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی ہے۔ پیرس انتظامیہ کے مطابق جولائی کے آخر میں تہران میں ان کے دو سفارتکاروں کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گھنٹوں غیر قانونی حراست میں رکھ کر سائلنٹ انٹروگیشن کا نشانہ بنایا، جو سفارتی استثنیٰ کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔