شاہین آفریدی
ہوبارٹ کے ننجا اسٹیڈیم، بیلریو اوول میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو 97 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ 2018 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کی پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے، جبکہ ہوبارٹ میں بھی انگلینڈ نے پہلی مرتبہ میزبان ٹیم کو شکست دی ہے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 12 اوورز میں 101 رنز جوڑ دیے۔ بینٹن نے 35 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جبکہ بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 115 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 133 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کی پانچ اننگز میں تیسری اور 2026 میں چوتھی ون ڈے سنچری تھی۔
ان کے بعد ول جیکس نے 48 گیندوں پر 59 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ آخری مرحلے میں آسٹریلوی بولرز جیک ایڈورڈز نے 31 رنز دے کر 4 وکٹیں اور میٹ رینشا نے 51 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی، تاہم انگلینڈ کی ٹیم 48.3 اوورز میں 328 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 34 رنز پر اس کی 3 اہم وکٹیں گر گئیں۔ نوجوان فاسٹ بولر سونی بیکر نے نئی گیند سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اسپنر لیام ڈاسن نے 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے صرف میٹ رینشا 70 گیندوں پر 55 رنز، ایلکس کیری 53 گیندوں پر 37 رنز اور جیک ایڈورڈز 36 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے۔ پوری آسٹریلوی ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے آخری وکٹ حاصل کرکے میچ کا اختتام کیا۔
یاد رہے کہ سیریز کا آغاز انگلینڈ کے لیے انتہائی مایوس کن رہا تھا۔ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے بعد آسٹریلیا نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم انگلینڈ نے ایڈیلیڈ میں دوسرے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 135 رنز سے فتح حاصل کی، جس میں ٹام بینٹن نے سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے بعد ہوبارٹ میں مسلسل دوسری بڑی کامیابی حاصل کرکے انگلینڈ نے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔
اس شکست کے بعد رواں سال آسٹریلیا کا ون ڈے ریکارڈ 7 فتوحات اور 7 شکستوں تک پہنچ گیا ہے، جو ورلڈ کپ سے ایک سال قبل ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے لیے یہ کامیابی اعتماد کی بحالی کا اہم موقع ثابت ہوئی ہے۔
اب دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہفتے کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگی، جس میں انگلینڈ وائٹ بال سیریز میں دوسری کامیابی حاصل کرنے، جبکہ آسٹریلیا ون ڈے سیریز کی شکست کے بعد کم بیک کرنے کی کوشش کرے گا۔