سپورٹس ڈیسک (پاک ٹوڈے): برازیل سے تعلق رکھنے والے نامور سابق فٹبالر رابرٹو کارلوس نے اسلام قبول کر لیا ہے ۔ اس بات اعلان ترکیہ کی حکمران جماعت کے رکنِ پارلیمنٹ علی شاہین نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔
علی شاہین کا کہنا ہے کہ سان پاؤلو میں برازیل کی مسلم برادری کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مسلم رہنما شیخ جہاد حمادے نے انہیں بتایا کہ رابرٹو کارلوس گزشتہ کچھ عرصے سے ان سے رابطے میں تھے اور تقریباً چار ہفتے قبل انہوں نے کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔
اس موقع پر برازیل کی مختلف اسلامی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ترک پارلیمنٹیرین نے اس پیش رفت پر رابرٹو کارلوس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے اور ان کے اہلخانہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
53 سالہ رابرٹو کارلوس کا شمار فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین لیفٹ بیکس میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ ہسپانوی کلب ‘ریال میڈرڈ’ کے ساتھ گزارا اور برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ 2002 کا ورلڈ کپ بھی جیتا۔