اسلام آباد (پاک ٹوڈے): قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر اسد محمود کا تحریری جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوسرا کال اَپ نوٹس جاری کردیا ہے۔
نیب راولپنڈی میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کے خلاف مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری جاری ہے۔ اس سلسلے میں سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز اسد محمود کو ان کے دورِ وزارت (2022-23) میں ہونے والی مبینہ بھرتیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا۔
اسد محمود کو 10 نومبر 2026 کو نیب کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرایا۔ نیب حکام نے جواب کا جائزہ لینے کے بعد اسے غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
نیب نے انہیں دوبارہ طلب کرتے ہوئے 13 نومبر بروز جمعہ صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔