امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی تحریک پیش، ایران جنگ سمیت 8 الزامات عائد

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی باضابطہ تحریک پیش کردی گئی ہے، جس میں ایران کے خلاف کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ شروع کرنے، جنگی اختیارات سے تجاوز اور شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے میں ناکامی سمیت 8 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے 9 نومبر کو وزیر جنگ کے خلاف مواخذے کی آٹھ دفعات پیش کیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے منصب کے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور ایسے فوجی اقدامات کی نگرانی کی جو امریکی آئین اور قوانین سے متصادم ہیں۔

تحریک میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہیگسیتھ نے 28 فروری 2026 کو ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے آغاز اور انہیں جاری رکھنے میں کردار ادا کیا، حالانکہ کانگریس نے جنگ کی باضابطہ منظوری نہیں دی تھی۔ میسی کے مطابق یہ اقدام امریکی آئین اور 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کی خلاف ورزی ہے۔

مواخذے کی تحریک میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ وزیر جنگ نے کانگریس کی جانب سے فوجی دستے واپس بلانے کی ہدایت نظرانداز کی اور وار پاورز ریزولوشن کے تحت مقررہ 60 روزہ مدت اور ممکنہ 30 روزہ انخلا کی مہلت ختم ہونے کے باوجود ایران میں فوجی کارروائیاں جاری رکھیں۔

ایک اور الزام میں ایران میں شہریوں کی ہلاکتوں اور شہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں میناب کے ایک گرلز اسکول پر فضائی حملے کا حوالہ دیا گیا، جس میں ایرانی ذرائع کے مطابق 168 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ میسی نے الزام لگایا کہ امریکی محکمہ دفاع شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے میں ناکام رہا۔

تحریک میں کیریبین سمندر اور مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ کے شبہے میں کشتیوں کو نشانہ بنانے والی امریکی فوجی کارروائیوں پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔ میسی کے مطابق ان کارروائیوں میں کم از کم 243 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زندہ بچ جانے والوں پر دوبارہ حملے اور زخمیوں کو بچانے میں ناکامی کے الزامات بھی شامل ہیں۔

دیگر الزامات میں امریکی سینیٹر مارک کیلی کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیوں، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو فوجی کارروائی کے ذریعے گرفتار کرکے امریکا منتقل کرنے اور یمن کے حوثی گروپ کے خلاف آپریشن ’راف رائیڈر‘ میں کانگریس کی منظوری نہ لینے کے معاملات شامل ہیں۔

پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے الزامات مسترد کردیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی ضروری تھی کیونکہ ایرانی حکومت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے وزیر جنگ کی حمایت کرتے ہوئے تھامس میسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے بھی جنگی صورتحال کے دوران وزیر جنگ کے مواخذے کی کارروائی پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ دوسری جانب ڈیموکریٹک رہنماؤں حکیم جیفریز اور چک شومر نے مواخذے کی حمایت کی ہے۔

امریکی آئین کے تحت مواخذے کی تحریک کی منظوری کے لیے پہلے ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوتی ہے۔ اگر ایوان تحریک منظور کرلے تو معاملہ سینیٹ میں جاتا ہے، جہاں سماعت کے بعد الزامات پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف تحریک پر ایوان نمائندگان میں ووٹنگ رواں ہفتے متوقع ہے۔

Related posts

کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر مسلح افراد کا حملہ، 10 اہلکار مارے گئے

ایران نے ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا

ایران امریکا تنازع کے اثرات، خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32 فیصد کمی