لاہور (پاک ٹو ڈے): علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور امیگریشن عمل کو تیز تر بنانے کے لیے نیا قائم کردہ امیگریشن ایریا مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کا طویل انتظار ختم ہو جائے گا اور پروسیسنگ منٹوں میں مکمل ہو سکے گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے نئے امیگریشن کاؤنٹرز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیرونِ ملک روانہ ہونے والے مسافروں سے گفتگو کی اور فراہم کردہ نئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ مسافروں نے اس جدید اور منظم نظام پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئے کاؤنٹرز کا قیام ایئرپورٹ پر پراسیسنگ کی صلاحیت میں اضافے اور مسافروں کے سفر کو آرام دہ بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔